02 مارچ ، 2020
تہران: ایران میں کورونا وائرس سے سپریم لیڈر خامنہ ای کے مشیر سمیت مزید 12 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی کونسل ممبر کے رکن اور سپریم لیڈر خامنہ ای کے مشیر 71 سالہ محمد میر محمدی کورونا وائرس میں مبتلا اور تہران کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
میڈیا رپورٹس میں محمد میر محمدی کے کورونا وائرس سے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے جو ایران میں وائرس سے کسی بھی اعلیٰ عہدیدار کی پہلی ہلاکت ہے۔
اس کے علاوہ ایران میں کورونا وائرس سے مزید 12 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 66 ہوگئی ہے جب کہ ملک بھر میں وائرس کے مزید 523 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی تعداد 1501 ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق کورونا وائرس کے باعث چین کے بعد ایران میں اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائرس میں مبتلا ایران کے نائب صدر کی حالت پہلے سے قدرے بہتر ہے۔
ایرانی حکومت کے ترجمان نے ٹیلی کانفرنس کے دوران وائرس کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت کے لیے ایک چیلنج قرار دیا اور کہا کہ ہمارے لیے آئندہ دو ہفتے مزید مشکلات ہوں گی۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے آن لائن نیوز کانفرنس کے دوران وائرس سے نمٹنے کے لیے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی پیشکش کو بھی مسترد کردیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کی مدد کو زیر غور نہیں لاتے اور نہ ہی زبانی مدد کو قبول کرتے ہیں، ایران ہمیشہ سے امریکا کے ارادوں کو مشکوک سمجھتا ہے۔
ترجمان نے الزام لگایا کہ امریکی حکومت اس وباء پر ایرانی حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔