12 کروڑ روپے مالیت کی رولز روئس اب ٹیکسی کے طور پر بھی دستیاب

بھارتی ریاست کیرالہ کے تاجر نے رولز روئس میں 300 کلومیٹر تک سواری کی قیمت 25 ہزار روپے رکھی ہے۔ فوٹو: گلف نیوز

بھارت میں دنیا کی مہنگی ترین رولز روئس گاڑی پر لگے ٹیکسی کے بورڈ نے سب کو حیران کر دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سنہری رنگ کی رولز روئس گاڑی پر ٹیکسی کا بورڈ لگا ہوا ہے۔

سریس چندر نامی ایک صارف نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیلے نمبر پلیٹ والی مہنگی ترین گاڑی کو ٹرک پر لایا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر ایک رولز روئس گاڑی کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے۔

گوتم گوند نامی ایک اور صارف نے لکھا کہ جی ہاں! یہ گاڑی کیرالہ کے تاجر بوبی چیمانور نے خریدی ہے جس پر ان کے ریزورٹ میں آنے والے سیاح سفر کر سکیں گے۔

انہوں نے رولز روئس میں سواری کی قیمت بتاتے ہوئے کہا کہ دو روز تک ریزورٹ میں قیام اور رولس روئس میں سفر کی قیمت 25 ہزار بھارتی روپے رکھی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک اور ویڈیو میں بھارتی تاجر بوبی چیمانور کو کہتے سنا جا سکتا ہے یہ جو لوگ رولز روئس کی سواری کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ ایک عمدہ پیکج ہے، صرف 25 ہزار روپے میں رولز روئس کی 300 کلومیٹر تک سواری کے مزے لیے جا سکتے ہیں، اس کے علاوہ اسی پیکج میں دو روز تک کیرالہ کے ریزورٹ میں رہائش بھی اختیار کی جا سکتی ہے۔

بھارتی تاجر کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے سے انھیں فائدہ تو نہیں ہو گا لیکن یہ ایک انوکھا آئیڈیا ہے۔

بوبی چنمانور نے بتایا کہ اگر رولز روئس کے نارمل ماڈل کو ایک دن کے لیے کرائے پر حاصل کیا جائے تو اس کی قیمت 4 لاکھ 50 ہزار بھارتی روپے بنتی ہے جب کہ ہمارے پاس دستیاب 12 کروڑ روپے مالیت کے لمیٹڈ ایڈیشن میں بہت سی جدید سہولیات بھی میسر ہیں۔