05 مارچ ، 2020
امریکا نے پاکستانی مصنوعات پر عائد ڈیوٹیز (ٹیکس) میں مزید رعایت دینے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نےامریکی وزیرتجارت ولبر راس کے حالیہ دورہ پاکستان میں پاکستانی برآمدات پر رعایت دینے کامعاملہ اٹھایا تھا۔
وزارت تجارت کے حکام کے مطابق امریکا نے جی ایس پی کے تحت پاکستان کو مزید رعایت دینے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا نے جی ایس پی کے تحت پاکستان کو 3500 ٹیرف لائنز پر رعایت دے رکھی ہے جب کہ افغانستان کو یہ رعایت 5 ہزار اشیاء پر دی گئی ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان کو کم ترقی یافتہ ملک ہونےکے باعث پاکستان سے زیادہ رعایت دی گئی ہے، پاکستان 1500اضافی ٹیرف لائنز میں افغانستان سے تجارت کا میکنزم بناسکتا ہے۔