06 مارچ ، 2020
معروف کامیڈین و اداکار امان اللہ طویل علالت کے بعد آج انتقال کر گئے۔
اہلخانہ کے مطابق امان اللہ 3 ماہ قبل گردوں، پھیپھڑوں اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔
انہیں چند روز قبل دوبارہ طبیعت بِگڑنے پر لاہور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
کامیڈی کنگ کے انتقال پر وزیراعظم عمران اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت دیگر شخصیات نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
امان اللہ کی نماز جنازہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی مسجد میں ادا کی گئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، فیاض الحسن چوہان، نامور اداکار سہیل احمد، انور علی اور ناصر چنیوٹی سمیت شوبز کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد امان اللہ کو ہاؤسنگ سوسائٹی کے قبرستان میں ہی سپرد خاک کردیا گیا۔
یاد رہے کہ امان اللہ خان اسٹیج، ٹی وی اور فلموں کا بڑا نام ہیں۔ انہیں 2018 میں صدراتی پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔