06 مارچ ، 2020
معروف اداکار فیروز خان نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں اداکار فیروز خان نے کہا کہ ’میرے مداح اس حوالے سے میرے بیان کا انتظار کررہے تھے، میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کا اعلان کرتا ہوں‘۔
جیو کے مشہور ڈرامے ’خانی‘ میں ’میر ہادی‘ کا کردار ادا کرنے والے فیروز خان نے مزید لکھا کہ ’میں اب اپنی خدمات اسلامی تعلیمات کی تبلیغ کے لیے وقف کررہا ہوں، آپ سب سے گزارش ہے کہ میرے اور میرے عزیزوں کیلئے دعا کریں‘۔
فیروز خان نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے بھی پیغامات ٹوئٹ کیے جن میں انہوں نے احادیث اور قرآنی آیات کا حوالہ دیا۔
خیال رہے کہ کچھ دنوں قبل فیروز خان نے کہا تھا انہوں نے روحانی سفر کا آغاز کردیا ہے ساتھ ہی انہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔
اس سے قبل اداکار حمزہ علی عباسی کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری چھوڑ دی ہے تاہم حمزہ علی عباسی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے ایکٹنگ، شوبز، سوشل میڈیا اور سیاست کسی کو بھی” خدا حافظ“ نہیں کہا، لوگوں کودین،اسلام اور خدا کا پیغام دینا چاہتا ہوں اور اِن پربات کرنے کیلئے ٹی وی سمیت تمام میڈیم اورسوشل میڈیاکو استعمال کروں گا‘۔