علی ظفر کا خوبصورت نظم کے ذریعے خواتین کو سلام

فوٹو: فائل

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور  اس دن کی مناسبت سے تمام لوگوں کی جانب سے اپنے اپنے انداز میں خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

یومِ خواتین کے موقع پر پاکستانی راک اسٹار علی ظفر نے بھی خواتین کے لیے ایک خوبصورت نظم لکھی ہے۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے اس نظم کو لکھنے کے ساتھ ساتھ اسے پیانو کی دھن کے ساتھ پڑھ کر ایک ویڈیو جاری کی ہے۔

یومِ خواتین پر علی ظفر کی نظم

کھلتی اور روشن صبح کا کومل سا روپ ہو تم

کبھی مدھم مدھم چاندنی، کبھی تیکھی دھوپ ہو تم

تم جو نہیں میرے ساتھ تو میری حیثیت کیا ہے

بتلاؤ تمہارے عشق کی یہ کیفیت کیا ہے؟

اے عورت! تم بے مثل ہو تمہیں پہنچے میرا سلام

میری روح تمہاری سلطنت میرا دل ہے تیرا غلام 

خواتین کا عالمی منانے کا آغاز کیسے ہوا؟

مرد و خواتین کے مساوی حقوق کے لیے خواتین کی جدوجہد کا آغاز تقریباً ایک صدی پہلے امریکا کی سرزمین سے ہوا، 1908 میں ہزاروں خواتین صنفی امتیاز کے خلاف اور خواتین کے حق رائے دہی اور مساوی تنخواہوں کے مطالبات لے کر نیویارک کی سڑکوں پر نکلیں، جس کے بعد 28 فروری 1909 کو امریکا میں یوم خواتین منایا گیا۔

پھر امریکا سے شروع ہونے والی خواتین کی مساوی حقوق کی جدوجہد سالوں کا سفر طے کرتی یورپ، سویت یونین اور دوسرے ممالک تک پہنچی۔

1914 میں یوم خواتین منانے کے لیے 8 مارچ کا دن منتخب کیا گیا اور پھر 1975 میں اقوام متحدہ نے 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن قرار دے دیا۔

اب ہر سال دنیا بھر میں 8 مارچ کو خواتین کے مساوی حقوق کے لیے احتجاجی ریلیاں، خواتین مارچ اور یوم خواتین کی مناسبت سے سیمینارز، مباحثوں اور ملاقاتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں :