08 مارچ ، 2020
پاکستان کسٹمز کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے سائٹ ایریا میں میٹرو اسٹور کے قریب ایک بڑے گودام پر چھاپہ مار کر ڈیڑھ ہزار من سے زائد گٹکا برآمد کر لیا۔
کارروائی کرنے والی پاکستان کسٹمز کی انٹیلی جنس ٹیم کے ایک رکن مالک بلوچ کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ آج صبح سویرے مارا گیا اور دوپہر تک جاری کارروائی میں چھالیہ اور گٹکے سے بھرے 11 ٹرک کسٹم ہاؤس منتقل کیے جا چکے تھے۔
مالک بلوچ نے ایک اندازہ کے مطابق بتایا کہ 60 ٹن سے زائد مال کسٹم منقتل کیا جا چکا تھا جو 1500 من سے زائد بنتا ہے۔
کسٹمز آفیسر مالک بلوچ کے مطابق یہ گودام کس کا ہے اور مال کب اور کہاں سے اس دام میں پہنچایا گیا؟ اس بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گودام کے بعض چوکیداروں کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
ان کا بتانا ہے کہ آج چھٹی ہونے کی وجہ سے کچھ کارروائی ممکن نہیں تھی جو کل سے شروع کی جائے گی۔
گٹکا اور چھالیہ کو ممنوعہ اور منشیات قرار دیئے جانے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں میں یہ سب سے بڑی کاروائی بتائی گئی ہے۔