09 مارچ ، 2020
چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں بڑی کمپنیوں سمیت عالمی معیشت کو دھچکا لگا وہیں ہالی وڈ انڈسٹری کو بھی شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اگرکورونا وائرس وائرس زیادہ عرصے تک برقرار رہا تواس سے ہالی وڈ کو صرف ایشیاء میں ہی 2 ارب ڈالر یا اس سے زائد نقصان ہو سکتا ہے۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں وائرس پھیلنے اور واشنگٹن میں کئی ہلاکتوں نے امریکا کے تھیٹروں کے لیے بھی صورتحال کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔
ایگزیبیٹر ریلیشنز کے سینئر تجزیہ کار جیف بوک کا کہنا ہے کہ ’ میں نے ایسا پہلے کبھی بھی نہیں دیکھا کہ جہاں بے شمار فلمیں ایک ساتھ متاثر ہونے والی ہوں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل ایسے متعدد واقعات یا سانحات ہوئے ہیں جس کی وجہ سے کوئی ایک یا دو فلم متاثر ہوئی ہوں لیکن اس وائرس کی وجہ سے پوری انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
2020 کے آغاز میں جیمز بانڈز کی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کی ریلیز کو چین میں روک دیا گیا تھا جب کہ فلم ’مُلان‘ کو اگلے مہینے شمالی امریکا میں ریلیز کیا جانا تھا اس کی ریلیز کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ٹام کروز کی فلم ’مشن امپوسیبل‘ کی اٹلی میں عکس بندی کو بھی وباء کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے اب تک 3 ہزار 98 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ دنیا بھرمیں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔
چین کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 704 تک جاپہنچی ہے۔