09 مارچ ، 2020
چین نے کورونا وائرس کی مزید 12 ہزار تشخیصی کِٹس پاکستان کے حوالے کردیں۔
پاکستان میں موجود چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کی مزید 12 ہزار تشخیصی کٹس چین سے پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے 50 ہزار لیٹر میلاتھیون (کیڑے مار دوائی) اور 14 اسپریئرز بھی پاکستان پہنچادیے گئے ہیں۔
چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ چین ٹڈی دل کے حملوں اور کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔
خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے 100 سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے ایک لاکھ 11 ہزار 862 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 3893 افراد ہلاک اور 62722 صحتیاب ہوچکے ہیں۔
دنیا میں سب سے زیادہ 80 ہزار 739 کیسز صرف چین میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
چین میں وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 58 ہزار 742 ہے جبکہ 18 ہزار 877 افراد زیر علاج ہیں اور وائرس سے 3 ہزار 120 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے 8 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے کراچی میں 5، اسلام آباد میں 2 جب کہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ان مریضوں میں سے سب سے پہلے سامنے آنے والے کراچی کے یحییٰ جعفری نامی نوجوان کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جب کہ باقی تمام متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان میں رواں برس ٹڈی دل کے حملوں کا بھی سامنا رہا اوراقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ جون میں ٹڈیوں کا پہلے سے بڑا حملہ ہوگا۔
اس سلسلے میں چینی ماہرین پاکستان میں موجود ہیں اور پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ٹڈیوں کے تدارک کیلئے کام کررہے ہیں۔