کھیل
Time 10 مارچ ، 2020

‏بین ڈنک نے چھکوں سے چھکے چھڑانے کا راز بتا دیا

 بین ڈنک نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 10 چھکوں کے ساتھ ریکارڈ قائم کیا جب کہ کراچی کنگز کے خلاف میچ میں 12 چھکوں کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کیا ہے—فوٹو اے ایف پی 

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 5 میں  لاہور قلندرز کے آسٹریلوی وکٹ کیپر  بلے باز بین ڈنک نے اپنے چھکوں کے ذریعے ڈنکا بجانے کا راز بتا دیا۔

 بین ڈنک نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 10 چھکوں کے ساتھ ریکارڈ قائم کیا جب کہ کراچی کنگز کے خلاف میچ میں 12 چھکوں کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 

اس حوالے سے بین ڈنک نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو  کرتے ہوئے کہا  کہ چھکے مارنا پسند ہے، کیونکہ اس میں کم انرجی کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ وکٹوں کے درمیان بھاگنے کے لیے زیادہ انرجی درکار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری توجہ جیت پر ہوتی ہے، اور جیت میں کسی بھی کھلاڑی کا کردار ہو سکتا ہے، ٹیم کی اچھی کارکردگی میں صرف میرے چھکے شامل نہیں ہیں بلکہ دوسرے کھلاڑیوں نے بھی اچھا پرفارم کیا ہے۔

آج  لاہور قلندرز کا پشاور زلمی کے خلاف ہونے والے میچ سے متعلق بین ڈنک نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں مزید چھکے بھی مار سکوں گا لیکن لاہور قلندرز کی ٹیم کو ابھی جیت کی ضرورت ہے تاکہ آگے بڑھ سکیں۔

چھکوں کے علاوہ ‏بین ڈنک کا چیونگم چبانا اور ببل بنانے کا انداز بھی شائقین میں بہت مقبول ہو چکا ہے جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ببل بنانے کے لیے بہت پریکٹس کی ہے، میں ایسا گراؤنڈ میں پر سکون رہنے کے لیے کرتا ہوں لیکن میری والدہ کو ببل بنانا پسند نہیں ہے، مجھے اب ببل بنانا چھوڑ دینا چاہیے۔

 آسٹریلیا کی جانب سے صرف پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے پر بین ڈنک نے  کہا کہ میں اتنا خوش قسمت نہیں رہا کہ آسٹریلیا کی جانب سے زیادہ کھیل سکوں میں جہاں بھی کھیل رہا ہوں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ آسٹریلیا کی ٹیم میں اس وقت اچھے کھلاڑی ہیں لیکن اپنی پرفارمنس جاری رکھوں گا۔ مجھے نیشنل ٹیم کی جانب سے کھیلنا اچھا لگے گا۔

‏رواں برس آسٹریلیا میں منعقد آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے  بین ڈنک کا کہنا تھا کہ اپنے ملک میں ورلڈ کپ کھیلنا ہر کھلاڑی چاہتا ہے ابھی حال ہی میں ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کھیلا گیا جس کا فائنل دیکھنے کے لیے 85ہزار سے زائد شائقین  اسٹیڈیم آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں بھی اپنے ملک میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کھیلنا چاہوں گا، میرا بھی دل چاپتا ہے لیکن اس وقت میری توجہ یہاں ہونے والے میچز پر ہے کہ ہم آئندہ میچز میں بھی اچھا کھیلیں اور ٹرافی جیتیں۔

مزید خبریں :