10 مارچ ، 2020
پاکستان شوبز انڈسٹری کے سابق اداکار فیروز خان کی جانب سے حال ہی میں شوبز انڈسٹری کو خیرآباد کہنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب فیروز خان کی بہن دعا ملک کی جانب سے بھی ایسا اشارہ دیا گیا ہے۔
فیروز اور ہمائمہ ملک کی بہن دعا ملک سے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران فیروز خان کے شوبز چھوڑنے کے حوالے سے سوال پوچھا گیا۔
میزبان کے سوال کے جواب میں دعا ملک کا کہنا تھا کہ ’بہت جلد ایسی ہی ٹوئٹ میری طرف سے بھی آنے والی ہے اور میرے بعد ہمائمہ کی باری ہوگی‘۔
گلوکارہ و میزبان دعا ملک نے کہا کہ ’اس فیصلے میں سب سے زیادہ اثرورسوخ اللہ کی ذات کا ہے، اور اب ہمارا روحانیت سے ایک گہرا تعلق ہوگیا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہم تمام بہن بھائی سیلف میڈ ہیں، ہم سونے کا چمچ لے کر پیدا نہیں ہوئے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مخلوق سے جب اصل محبت کی سمجھ نہیں آتی تو پتا چل جاتا ہے کہ حقیقی محبت کیا ہے‘۔
بعد ازاں انٹرویو میں دعا ملک سے سوال کیا گیا کہ بہت سے لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب آپ لوگ شوبز چھوڑ دیں گے تو اپنی زندگی کا گزر بسر کیسے کریں گے؟
اس سوال کے جواب میں دعا ملک کہتی ہیں کہ ’جیسا کہ مولا علی نے کہا ہے کہ اس چڑیا کی طرح زندگی گزارو جو رات میں منہ میں اگلے دن کے لیے اناج کا دانہ لے کر نہیں سوتی اور اللہ اس چڑیا کو کس طرح زندہ رکھتا ہے، ہم بھی اس چڑیا کی طرح ہی زندگی گزاریں گے‘۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سابق اداکار فیروز خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ ’میرے مداح اس حوالے سے میرے بیان کا انتظار کررہے تھے، میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کا اعلان کرتا ہوں‘۔
اس سے قبل اداکار حمزہ علی عباسی کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری چھوڑ دی ہے تاہم حمزہ علی عباسی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے ایکٹنگ، شوبز، سوشل میڈیا اور سیاست کسی کو بھی” خدا حافظ“ نہیں کہا، لوگوں کو دین،اسلام اور خدا کا پیغام دینا چاہتا ہوں اور اِن پربات کرنے کے لیے ٹی وی سمیت تمام میڈیم اورسوشل میڈیاکو استعمال کروں گا‘۔