جہانگیر ترین سے 20 ہزار ٹن چینی خریدی جائے گی: چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے چیئرمین ذوالقرنین علی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے 20 ہزار ٹن چینی خریدی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو میں ذوالقرنین حیدر کا کہنا تھا کہ شوگر ملز مالکان سے بغیر ٹینڈر ایک لاکھ ٹن چینی خریدی جائے گی اور بغیر ٹینڈر کے چینی خریدنے کی سمری منظوری کے لیے کابینہ کو بھجوا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان یوٹیلٹی اسٹورز کو سستے نرخوں پر چینی دیں گے۔

چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز  نے بتایا کہ جہانگیر ترین سے 20 ہزار ٹن چینی خریدی جائے گی، جہانگیر ترین نے سب سے کم ریٹ دیے ہیں، وہ چینی 67 روپے فی کلو میں حکومت کو فروحت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے علاوہ 80 ہزار ٹن چینی مختلف شوگر ملز سے خریدنے کی تجویز ہے جبکہ دوسرے شوگر ملز مالکان 70 روپے فی کلو میں چینی دیں گے۔

چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز کے مطابق وفاقی کایبنہ کی منظوری کے بعد چینی خریدی جائے گی۔

ملک میں چینی و گندم بحران

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ملک بھر میں گندم کے بحران کے باعث آٹے کی قیمت 70 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بحران پر قابو پانے کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ درآمد شدہ گندم آتے آتے مقامی سطح پر گندم کی فصل تیار ہوجائے گی اور پھر گندم کی زیادتی کی وجہ سے ایک نیا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی آٹے کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم نے بحران کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی اور وزراء کو بحران کی وجوہات جاننے کا ٹاسک سونپا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ملک میں جاری آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوادی گئی جس کے مطابق آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا جس میں افسران اور بعض سیاسی شخصیات بھی ملوث ہیں۔

دوسری جانب ملک میں چینی کا بحران بھی سراٹھا رہا ہے جس کے باعث وفاقی حکومت نے چینی کی برآمد پر فوری طور پر پابندی لگانے اور چینی کی درآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے چینی درآمد کرنے کی سمری (تجویز) مسترد کرتے ہوئے چینی برآمد کرنے پر بھی پابندی لگادی ہے۔

مزید خبریں :