Time 10 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا وائرس کے پیش نظر باجماعت نمازیں ادا نہ کی جائیں، آیت اللہ سیستانی کا فتویٰ

عراق کے ممتاز مذہبی رہنما آیت اللہ علی سیستانی نے فتویٰ دیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں اجتماعات پر پابندی ہے وہاں باجماعت نمازیں بھی ادا نہ کی جائیں۔

عرب میڈیا کے مطابق عراق کے ممتاز مذہبی رہنما  آیت اللہ علی سیستانی سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر  باجماعت نماز  ادا کرنے سے متعلق فتویٰ طلب کیا گیا تھا ۔

اپنے جواب میں آیت اللہ علی سیستانی نے کہاکہ وباء پھیلنےکے باعث جہاں مجمع پرپابندی لگائی گئی ہے وہاں اس پابندی پر سختی سے عمل کیا جائے اور اسے سنجیدگی سے لیا جائے۔

عراقی میڈیا کے مطابق آیت اللہ علی سیستانی نے کورونا وائرس کے خدشے کے باعث گذشتہ جمعے کی نماز ادا نہیں کی تھی اور ایسا سابق عراقی صدر صدام حسین کی حکومت گرنے کے بعد پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ عراق میں کورونا وائرس کے 71 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے  اب تک 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ 

دوسری جانب  ایران میں بھی کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد گذشتہ جمعے کو حفاظتی اقدامات کے تحت نماز جمعہ کے اجتماعات منسوخ کردیے گئے تھے۔

ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے شہر ’قم‘ اور ’مشہد‘ کی مساجد میں صرف نماز کی اجازت ہے جب کہ اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ 

ادھر سعودی عرب نے کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں بیرون ملک  سے آنے والے عمرہ زائرین کے داخلے پرپابندی کے ساتھ اپنے شہریوں کے بھی عمرہ کرنے پر پابندی عائد کررکھی ہے ۔

مزید خبریں :