دنیا
Time 04 مارچ ، 2020

کورونا وائرس: سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کی عمرہ ادائیگی پر بھی پابندی لگادی

کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر سعودی حکومت نے اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکی افراد کے بھی عمرہ ادائیگی پر  عارضی طور پر پابندی عائد کردی۔

گزشتہ دنوں مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے بعد سعودی عرب نے متاثرہ ملکوں کے عمرہ زائرین پرمکہ مکرمہ اور مسجد نبویﷺ میں داخلے پرپابندی عائد کردی تھی جس کے بعد ہزاروں افراد کے ویزے منسوخ کیے گئے تھے۔

گزشتہ دنوں سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد اب سعودی عرب نے مقامی افراد کے بھی عمرہ ادائیگی پر پابندی عائد کردی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے اندرونِ ملک مقیم سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کے عمرہ کرنے پرعارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پابندی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے روک تھام کے لیے تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کی سفارش پرعائد کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق مقامی افراد پر یہ پابندی عارضی ہے جس کا ہر تھوڑے عرصے میں وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جاتا رہے گا اور صورتحال میں بہتری پر پابندی ختم کردی جائے گی۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہریوں اور مملکت میں رہائش پذیر افراد کی مسجد نبوی ﷺ آمد پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

کورونا سے متاثرہ شہری کی طبیعت بہتر قرار

دوسری جانب سعودی عرب میں پہلے کورونا وائرس سے متاثرہ مریض کی حالت تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔

متاثرہ مریض سے ملنے والے 70 افراد کی بھی نشاندہی کردی گئی ہے جن کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں اور انہیں علیحدہ رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ سعودی شہری ایران سے بذریعہ بحرین سعودی عرب میں داخل ہوا تھا اور کئی روز بعد اس میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس سے چین میں اب تک 2981 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار 282 ہے جس میں سے 50 ہزار افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

چین کے علاوہ کورونا وائرس 60 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے جہاں اب تک 240 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ایران، اٹلی اور جنوبی کوریا میں ہوئی ہیں۔

مزید خبریں :