لاہور ائیرپورٹ پر آسٹریلوی صحافی سے رشوت لینے پر ایک ملازم گرفتار

لاہور ایئرپورٹ پر آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈمین سے مبینہ طور پر رشوت لینے کا معاملہ سامنے آنے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا جس کے بعد ایک ملازم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ 

ڈینس فریڈمین دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کروانے اور پاکستان سے والہانہ محبت کی وجہ سے کرکٹ شائقین میں انتہائی مقبول ہیں اور وہ گزشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کوریج کے لیے پاکستان آئے ہوئے تھے۔

پاکستان میں چند ہفتے گزارنے کے بعد وہ لاہور ائیرپورٹ کے ذریعے آسٹریلیا روانہ ہوئے اور وہاں پہنچتے ہی انہوں ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے ائیرپورٹ اہلکاروں پر رشوت طلب کرنے کا الزام لگایا۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ ائیرپورٹ حکام نے مدد کے بدلے رقم کا مطالبہ کیا، ائیرپورٹ لاؤنج میں کہا گیا کہ اپنا بیگ دکھاؤ جو بھی کرنسی ہے دو، اہلکار نے رقم کے لیے اصرار کیا جس پر اسے پیسے دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھا یہ سب بزنس کلاس کا حصہ ہے لیکن ایسا نہیں تھا بلکہ یہ کرپشن ہے۔


ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور  ان کے سیکرٹریٹ نے سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن سے رابطہ کیا اور فوری تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ کرنے کا حکم دیا۔ 

رشوت لینے والا اہلکار گرفتار

علامہ اقبال ائیرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈینس فریڈمین سے رشوت لینے والے اہلکارکو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ائیرپورٹ حکام کے مطابق سی آئی پی لاؤنج میں پورٹر عمران مظفر نے آسڑیلوی صحافی سے رشوت لی، عمران مظفر سی آئی پی لاؤنج میں پرائیویٹ کمپنی کا اہلکار ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اہلکار عمران مظفر کی شناخت سی سی ٹی وی سے کی گئی۔

حکام کے مطابق ڈینس فریڈ مین تھائی ائیر کی پرواز  346 کے ذریعے بنکاک روانہ ہوئے تھے۔

ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ اہلکار عمران مظفرکا ائیرپورٹ انٹری پاس معطل کرکے  مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں :