جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا بل اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کاکہناہےکہ وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کو صوبے کی شکل دینے کے لیے اسمبلی میں بل جلد پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سے متعلق اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا جس میں ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور جنوبی پنجاب کے وزراء اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ اور ملتان سے منتخب رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ  جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا بل جلد اسمبلی میں پیش ہوگا اور  تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد بل کی منظوری کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں دیگر ممبران اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے لیے آبادی کے تناسب کے مطابق 35 فیصد فنڈز مختص کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ جنوبی پنجاب میں سیکریٹریٹ بنانے کا فیصلہ بھی ہوا ہے اور اپریل میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ تعینات کیے جائیں گے تاہم جنوبی پنجاب کامکمل سیکریٹریٹ بنانے میں وقت لگےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور وزیراعظم کا جنوبی پنجاب کی عوام سے دردکا رشتہ ہے، ماضی میں جنوبی پنجاب کےلیے فنڈزکاوعدہ کرکے پورانہیں کیاجاتا تھا،اب مختص فنڈز کے تحفظ کے لیے طریقہ کار بنا دیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا ہے، جنوبی پنجاب میں غربت کی شرح زیادہ ہے،غربت کے خاتمے کے لیے احساس اسکیم شروع کی جائے گی۔

مزید خبریں :