12 مارچ ، 2020
پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر صوبے میں میڈیکل (طبی) ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
لاہور میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے ایمرجنسی ڈیکلیئرکی ہے، لوگوں کواس کو اہمیت دینی چاہیے۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ، پاکستان میں کورونا کے 21 کیس کنفرم ہیں، کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیلتا ہے، اس معاملے کوغیرسنجیدہ نہ لیں۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ حفاظتی تدابیر سے بہت بڑی روک تھام ہوسکتی ہے، عوامی مقامات پرلوگ کم سے کم جائیں، ہاتھ ملانے سے گریزکریں، چہرے کو ہاتھ نہ لگائیں اور باربارصابن سے ہاتھ دھوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام ڈیپارٹمنٹس کوہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کےساتھ مل کرکام کرنا ہوگا، پنجاب حکومت کے کورونا وائرس سے متعلق انتظامات مکمل ہیں، انتظامیہ الرٹ ہے اور ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 90 فیصد ڈاکٹر ایمرجنسی میں حکومت کو سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہیں، شکر ہے پنجاب میں ابھی کوئی مریض نہیں آیا تاہم پنجاب کے گرد دیوار تو ہے نہیں کہ وائرس یہاں نہیں آئےگا۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرسے سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے جن میں سے سندھ میں 15 (14 کراچی ایک حیدرآباد) ،گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کےمعاملے پر جلد قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائےگا، قومی سلامتی کونسل اجلاس سے متعلق پارلیمانی پارٹی کوآگاہ کردیا گیا ہے۔