آرمی چیف کی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے متعلقہ حکام کو تیار رہنے کی ہدایت

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں  لائن آف کنٹرول (ایل او سی)  سمیت  قومی و علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے  ڈائریکٹر جنرل کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں ،لائن آف کنٹرول کی صورتحال، جیو اسٹریٹجک ماحول اور قومی و علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

کور کمانڈر کانفرنس میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال  اور  آرمی کی سطح پر وائرس سے  متعلق حفاظتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے کورونا وائرس کے معاملے پر متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ وبا پر قابو پانے کے لیے کی جانے والی قومی کوششوں میں کسی بھی موقع پر  اپنا کردار ادا کرنے کے لیے  تیاریاں تیز کردیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ علاقائی امن و استحکام کا راستہ افغانستان سے ہوکر گزرتا ہے،مشترکہ کاوشوں اور تحمل سے تمام چیلنجز  پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان مخلصانہ طور  پر اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

مزید خبریں :