Time 12 مارچ ، 2020
پاکستان

میر شکیل الرحمان کو کل احتساب عدالت میں ریمانڈ کیلئے پیش کیا جائے گا، ترجمان نیب

نیب پر جنگ گروپ کے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، وہ جھوٹے اور حقائق کے منافی الزامات کو مسترد کرتے ہیں، ترجمان— فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیب پر جنگ گروپ کے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، وہ جھوٹے اور حقائق کے منافی الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ نیب ہمیشہ آئین وقانون کے مطابق فرائض انجام دینے پر یقین رکھتا ہے، نیب دباؤ، دھمکی، پروپیگنڈے کی پروا کیے بغیر بدعنوان عناصر کے خلاف فرائض انجام دیتا رہے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ میر شکیل الرحمان کو کل احتساب عدالت میں ریمانڈ کیلئے پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ  قومی احتساب بیورو (نیب) نے 34 برس قبل مبینہ طور پر حکومتی عہدے دار سے غیرقانونی طور پر جائیداد خریدنے کے کیس میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کوحراست میں لے لیا ہے۔

ترجمان جنگ گروپ کے مطابق یہ پراپرٹی 34 برس قبل خریدی گئی تھی جس کے تمام شواہد نیب کو فراہم کردیے گئے تھے جن میں ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے قانونی تقاضے پورے کرنے کی دستاویز بھی شامل ہیں۔

ترجمان جنگ گروپ کا کہنا ہے کہ میر شکیل الرحمان نے یہ پراپرٹی پرائیوٹ افراد سے خریدی تھی، میر شکیل الرحمان اس کیس کے سلسلے میں دو بار خود نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے، دوسری پیشی پر میر شکیل الرحمان کو جواب دینے کے باوجود گرفتار کر لیا گیا، نیب نجی پراپرٹی معاملے میں ایک شخص کو کیسےگرفتار کر سکتا ہے؟ میر شکیل الرحمان کوجھوٹے، من گھڑت کیس میں گرفتارکیاگیا، قانونی طریقے سے سب بےنقاب کریں گے۔

مزید خبریں :