Time 12 مارچ ، 2020
کھیل

قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں سے متعلق پنجاب حکومت کی ہدایات پر عمل کرینگے: پی سی بی

پی ایس ایل کے لاہور میں ہونے والے میچز کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رابطے میں ہیں،وسیم خان،فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) فائیو کے لاہور میں  ہونے والے میچز کے حوالے سے پنجاب حکومت کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ  سندھ حکومت کی سفارش پر  پی ایس ایل کے کراچی میں شیڈول بقیہ میچز خالی (تماشائیوں کے بغیر) نیشنل اسٹڈیم میں منعقد کروانے کا فیصلہ  کیا گیاہے۔ 

یہ فیصلہ شہر میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کےبعد اس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے، جن میں سے سندھ میں 15 (14 کراچی ایک حیدرآباد)،گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق جمعے کو  نیشنل اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان ہونے  والے میچ میں تماشائی اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہوسکیں گے تاہم اس پابندی کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا۔

ان کے علاوہ کھلاڑیوں،سپورٹ اسٹاف اور فرنچائز مالکان کےاہل خانہ کو بھی اسٹڈییم مں داخلے کی اجازت ہوگی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ خالی اسٹیڈیم میں میچز کرانے کا فیصلہ  کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشایوں اور میڈیا نمائندگان کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں جب کہ  مداحوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ کھلاڑیوں سے آٹوگراف ، تصاویر یا سیلفیز لینے سے اجتناب کریں۔

پی سی بی کی کھلاڑیوں کو  ہاتھ نہ ملانے کی ہدایات

کھلاڑیوں کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ میچ کے بعد حریف ٹیم کے کھلاڑیوں اور اسکواڈ میں شامل دیگر افراد سے ہاتھ ملانے کے بجائے زبانی کلام کریں یاپھر مٹھی ٹکرا کر  ایک دوسرے کو مبارک باد دیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں صحت اور حفاظت کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے، پی سی بی کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں، میڈیا، سروس پرووائڈرز اور سیکیورٹی اہلکاروں کی صحت اور حفاظت کا مکمل خیال رکھتا ہے۔

وسیم خان نے کراچی کے شائقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی والوں نے  پی ایس ایل کے ابتدائی میچوں سمیت گذشتہ ایڈیشن کے 8 میچوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا تاہم حکومتِ سندھ کی سفارش کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے  یہ فیصلہ ضروری ہوگیا تھا۔

' لاہور کے میچز کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رابطے میں ہیں'

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے لاہور میں ہونے والے میچز کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رابطے میں ہیں اور اس حوالے سے پی سی بی صوبائی حکومت کی ہدایات پرمکمل عمل کرے گا۔

وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ  اس ضمن میں پی سی بی کھلاڑیوں اور ٹیمو ں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اوراس حوالے سے انہیں مکمل باخبر رکھا جارہا ہے ۔

پی سی بی کے مطابق تمام غیر استعمال شدہ ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے تحت ہوگی اور اس حوالے سے مزید تفصیلات جلدجاری کردی جائیں گی۔

خیال رہے کہ کراچی میں مزید 4 میچز  کھیلے جانے ہیں جو کہ خالی اسٹیڈیم میں کرائے جائیں گے  جب کہ لاہور میں بھی 4 میچز ہونا ہیں جن میں سے  ایک فائنل میچ بھی ہے۔

مزید خبریں :