(ن) لیگ نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھادیا

لاہور: مسلم لیگ (ن) نے جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھادیا۔

مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سےگفتگو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھائیں گے۔

پارٹی معاملات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی قیادت شہباز شریف کریں گے کیونکہ وہ پارٹی کے صدر ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال

بعد ازاں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کل اچانک سب سے بڑے میڈیا ہاؤس کے سربراہ میرشکیل الرحمان کو گرفتار کیا گیا، کیا نیب انتقام کا ادارہ ہے جو اس کے خلاف بات کرے اس کو اندر کردیا جائےگا، اس ملک میں نیب کےذریعے سیاسی نشانہ بنانے کی روایت بند کی جائے۔

 وہ کون سی ایمرجنسی تھی کہ میڈیا ہاؤس کے مالک کوگرفتارکیا: راجہ پرویز

دوسری جانب سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کے خلاف شکایت آئی، وہ جواب دینے آئے تو انہیں گرفتارکیا گیا، آج پریس گیلری خالی ہے اور پورا میڈیا احتجاج کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کون سی ایمرجنسی تھی کہ میڈیا ہاؤس کے مالک کوگرفتارکیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے 34 برس قبل مبینہ طور پر حکومتی عہدے دار سے غیرقانونی طور پر جائیداد خریدنے کے کیس میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کوحراست میں لیا۔

مزید خبریں :