13 مارچ ، 2020
پشاور: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر خیبرپختونخوا میں اسکولز کو 15 روز کے لیے بند اور کسی بھی قسم کے عوامی اجتماعات پر پاپندی عائد کردی گئی۔
محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ایک مراسلہ ارسال کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر عوامی اجتماعات پر 15 دن تک پاپندی ہوگی لہٰذا ڈپٹی کمشنرز عوامی اجتماعات کی اجازت نہ دیں۔
قبل ازیں صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کوروناوائرس کے باعث خیبرپختونخوا میں تعلیمی ادارے کل سے 15 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ اجلاس میں تمام ہاسٹل بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ صوبے میں تمام تہوار اور جیلوں میں ملاقاتیں معطل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جب کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے سوات میں اپنا جلسہ بھی ملتوی کردیا ہے۔
یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے جب کہ پاکستان میں بھی کیسز سامنے آنے کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبہ سندھ میں 30 مئی جب کہ بلوچستان میں 31 مارچ تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک 22 کیسز رپورٹ ہوئے جن کی بڑی تعداد کراچی سمیت سندھ میں سامنے آئی ۔
اب تک سندھ میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 16، گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 ہے جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ ان 22 کیسز میں سے کراچی میں زیرعلاج 2 مریض مکمل طور پر صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔