کورونا کے باعث پاکستان فیشن ویک 2020 ملتوی

فوٹو: فائل

چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان فیشن ویک 2020 ملتوی کردیا گیا۔

فیشن پاکستان کونسل (ایف پی سی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان فیشن ویک 2020 ملتوی کرنے کا فیصلہ ملک میں کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

تین روزہ فیشن ایونٹ کا انعقاد 9 سے 11 اپریل کو کراچی میں کیا جانا تھا۔

فیشن پاکستان کونسل (ایف پی سی) کی چیئر پرسن ماہین خان کا کہنا ہے کہ ’عالمی وبائی صورتحال کے باعث پاکستان فیشن ویک 2020 کا دوباہ انعقاد کرنے کے لیے سال کے آخر تک صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے اپنے ڈیزائنرز اور اسپانسرز کو اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے اور وہ ہمارے اس فیصلے پر متفق ہیں جب کہ ہم سال کے آخر میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کریں گے‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی نے موجودہ صورتحال کے باعث اہم فیصلے کیے ہیں جن کے تحت شادی ہالز میں تقریبات پر دو ہفتوں کیلئے پابندی لگائی گئی ہے جب کہ دو ہفتوں کیلئے سینما گھروں اور تھیٹرز کو بند کیا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس 125 سے زائد ملکوں تک پھیل گیا ہے اور  دنیا بھر میں اس کے ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :