14 مارچ ، 2020
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں چند نجی لیب پرٹیسٹ کیےجارہےہیں پروہ ناقص ہیں، ملک بھرمیں صرف آٹھ لیباٹریوں میں مفت کورونا وائرس کی تشخیص کے ٹیسٹ کر رہی ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 8 لیباٹریوں کو سرکاری سطح پر مفت کورونا کٹس فراہم کی گئی ہیں اور وہاں ٹیسٹ کی کوئی فیس نہیں لی جارہی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت صرف حکومت کی تشکیل شدہ لیباٹری مخصوص صلاحیت کے سبب کرسکتی ہیں۔
ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں سے ہے کہ جو کورونا کی ٹیسٹنگ کٹ خود تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں چند نجی لیب پرٹیسٹ کیےجارہےہیں پروہ ناقص ہیں، نجی لیباٹریاں شہریوں کو کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کا کہہ کر گمراہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 35اسپتالوں کو کرونا کے متاثرہ مریض رکھنے کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس اس وقت پاکستان سمیت 130 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے۔ پاکستان میں اب تک اس وائرس میں مبتلا 28 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ ایران سے واپس آنے والے ہزاروں زائرین کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔