Time 14 مارچ ، 2020
پاکستان

کراچی میں چڑیا گھر، سفاری پارک و دیگر تفریحی مقامات بند کرنے کا فیصلہ

کراچی: میئر کراچی نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے زیر انتظام تمام تفریح گاہیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر کراچی میں چڑیا گھر، سفاری پارک اور لانڈھی زُو سمیت دیگر تفریحی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر تفریحی مقامات کو بند کررہے ہیں، انسانی جانوں کا تحفظ پہلے ہے، تفریح گاہوں میں صفائی اور اسپرے بھی کیا جائے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ تفریحی مقامات کھولنا حکومتی فیصلے سے مشروط ہے۔

علاوہ ازیں کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ کراچی میں پبلک پارکس، ساحل سمندر، واٹر پارکس جانے پر بھی پابندی ہوگی۔

کمشنر کراچی کے مطابق پلے لینڈز، جمز، سوشل کلبس بھی حکمانامے پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

اسلام آباد میں ایک اور کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز، مسلح افواج کے سربراہان سمیت دیگر حکام شریک تھے۔

اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور کئی بڑے فیصلے کیے گئے۔

قومی سلامتی کمیٹی نے افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحد کو 14 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے اور مدارس بھی 5 اپریل تک بند رہیں گے۔

مزید خبریں :