15 مارچ ، 2020
سیاحوں کے پسندیدہ ترین ملک اٹلی میں خطرناک کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا جس کے بعد اٹلی کی سنسان گلیاں گانوں سے گونج اٹھیں۔
چند روز قبل اٹلی کے وزیراعظم جوزپے کونٹے نے اعلان کیا تھا کہ تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ کی آبادی کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور یہ قرنطینہ 3 اپریل تک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اس فیصلے کے بعد اٹلی کی سنسان گلیاں اچانک اطالوی باشندوں کے گانوں سے گونج اٹھیں جنہوں نے اپنے اپنے گھروں کی بالکنیوں سے گانے گا کر سب کو محظوظ کیا۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جسے اب تک 42 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جب کہ ویڈیو کو 35 ہزار سے زائد لوگ شیئر بھی کر چکے ہیں۔
صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پر جذباتی تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اٹلی کے لوگوں کی یکجہتی دیکھ کر ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے ہیں۔
چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے زد میں یورپی ممالک بھی شامل ہوگئے ہیں جہاں صورتحال بے قابو ہوگئی ہے۔
یورپی ملک اٹلی میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز 21 ہزار 157 ہوگئی ہے جب کہ اسپین میں 6 ہزار سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد آج سے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔