Time 16 مارچ ، 2020
پاکستان

ملک کے تمام ائیر پورٹس سے غیر ضروری رش ختم کرانے کی ہدایت

کراچی: ایوی ایشن ڈویژن نے کورونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے ملک کے تمام ائیر پورٹس کے اندر رش ختم کرانے کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق ائیرپورٹ آنے والوں کو بیرونی احاطے پر روکنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ غیر متعلقہ افراد کو علاقائی اور بین الاقوامی آمد لاؤنجز میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ایوی ایشن ڈویژن کا کہنا ہے کہ رش سے بچنے کے لیے انتظامیہ ہوائی اڈوں کے احاطے سے بینچ ہٹا دے اور ڈرائیوروں کو صرف ائیر پورٹ کے پارکنگ ایریا تک ہی محدود رکھا جائے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ائیر پورٹ آنے والی خواتین اور بچوں کو ہوائی اڈوں میں بلاضرورت داخلے سے روکا جائے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 90 سے تجاوز کر گئی ہے جس کے ملک کے بیشتر حصوں میں تعلیمی ادارے بند اور امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں جب کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

مزید خبریں :