14 مارچ ، 2020
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کرتے ہوئے بین الاقوامی پروزاوں کے لیے نوٹم جاری کر دیا ہے۔
سول ایوی ایشن (سی اے اے) کی جانب سے جاری کردہ نوٹم کے مطابق ملک میں صرف 3 ائیرپورٹس سے بین الاقوامی پروازوں کی اجازت ہو گی جس میں اسلام آباد، کراچی اور لاہور ائیرپورٹ شامل ہیں جب کہ پشاور، کوئٹہ، گوادر، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان سے بین الاقوامی پروازیں آپریٹ ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
نوٹم کے مطابق کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹس پر غیر ملکی فلائٹ آپریشن دوپہر 12 سے رات 7 بجے تک ہو گا لیکن لاہور ائیرپورٹ پر دوپہر ڈیڑھ سے رات 8 بجے تک انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن جاری رہے گا۔
نوٹم میں بیان کیا گیا کہ ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ آنے والی غیر ملکی پروازوں کو لاہور اور اسلام آباد میں اتارا جائے گا۔
پشاور آنے والی بین الاقوامی پروازوں کا رُخ اسلام آباد ائیرپورٹ کی طرف کر دیا گیا ہے جب کہ کوئٹہ آنے والی غیر ملکی پروازوں کو کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کروایا جائے گا۔
سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ان کے شہر تک پہنچانےکے لیے پی آئی اے طریقہ کار پر غور کر رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ائیرلائنز اپنے فلائٹ شیڈول ترتیب دے رہی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 29 کیسز سامنے آ چکے ہیں جس میں سے زیادہ تر مریضوں کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔