اٹلی کی سنسان گلیوں میں پاکستانی قومی ترانے کی گونج

فوٹو: فائل

چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے اب سب سے زیادہ متاثر ہونے والا خطہ یورپ ہے جہاں اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 300 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے  اٹلی میں اِس وقت لاک ڈاؤن ہے اورسیکڑوں افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

اسی ضمن میں سوشل پر امریکی کامیڈین جیرمی میک لیلان کی  جانب سے ایک ویڈیو کلپ شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے ہے لاک ڈاؤن کے باعث اٹلی کی گلیوں میں پاکستانی قومی ترانے ’پاک سر زمین شاد باد‘ کی گونج سنائی دے رہی ہے۔

جیرمی میک لیلان کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’یہ بہت خوبصورت ہے، لاک ڈاؤن کی اس صورتحال میں اٹلی کا پورا محلہ پاکستانی قومی ترانہ گا رہا ہے‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جس میں اٹلی کی سنسان گلیاں اطالوی باشندوں کے گانوں سے گونج اٹھیں اور انہوں نے اپنے اپنے گھروں کی بالکنیوں سے گانے گا کر سب کو محظوظ کیا تھا۔

دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال

دنیا بھر میں کورونا وائر س سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار سے زیادہ ہے جب کہ اب تک دنیا بھر میں 7 ہزار سے زائد افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔