18 مارچ ، 2020
کیمبرج اسکول سسٹم سمیت یکم جون سے پہلے کوئی امتحانات نہیں ہوں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ صوبوں سے مشاورت کے بعد 27 مارچ کوفیصلہ کریں گے کہ تعلیمی اداروں کو 5 اپریل کوکھولنا ہے یا نہیں۔
وفاقی وزیرتعلیم نے مزید کہا کہ کیمبرج اسکول سسٹم کے تحت بھی یکم جون سے پہلے امتحانات نہیں ہوں گے، امید ہے دوسرے بیرونی ادارے بھی امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان جلد کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کورونا وائرس کی وبا ٹل گئی تو پہلی جون سے 15 جون تک بورڈز کے تحت امتحانات ہوں گے۔
شفقت محمود نے کہا کہ ملک بھر میں کیمبرج سمیت تمام تعلیمی بورڈز کے امتحانات یکم جون تک ملتوی کردیےگئے ہیں اور یونیورسٹیوں اور کالجوں میں داخلوں کی تاریخ میں بھی ایک ماہ کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ سے ہاسٹلز خالی کرالیے گئے ہیں، غیرملکی طلبہ ہاسٹلز میں رہ سکیں گے تاہم انہیں یونیورسٹیوں اور کالجز تک محدود رکھا جائے گا۔
شفقت محمود نے کہا کہ شہریوں کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے مشکل فیصلے کیے ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں ملک بھر کے تعلیمی ادارے بشمول مدارس اور کوچنگ سینٹرز 5 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، اس فیصلے پر 27 اپریل کو نظر ثانی کی جائے گی۔