کورونا وائرس کا خوف: حکومت سندھ نے ملازمین کو 15 روز کی چھٹیاں دے دیں

19 مارچ سے 3 اپریل تک سندھ کے سرکاری دفاتر بند رہیں گے: نوٹیفکیشن جاری— فوٹو:فائل 

کراچی: کورونا وائرس کے باعث صوبہ سندھ میں سرکاری ملازمین کو 15 روز کی چھٹیاں دے دی گئیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں اور تعلیمی اداروں کی بندش کے بعد شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس بھی بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کو بھی چُھٹیاں دے دی ہیں جس کا نوٹفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 19 مارچ سے 3 اپریل تک سندھ کے سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور یہ دونوں ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 304 تک جاپہنچی ہے جس میں سے 208 متاثرہ افراد کا تعلق سندھ سے ہے۔

پنجاب سے 33، بلوچستان میں 23، خیبرپختونخوا میں 19، گلگت میں 13، اسلام آباد میں 7 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک شخص ہلاک بھی ہوا ہے۔

مزید خبریں :