Time 19 مارچ ، 2020
پاکستان

مردان میں یونین کونسل منگاہ لاک ڈاؤن، پشاور میں ایک گلی قرنطینہ قرار

پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کینال ٹاؤن کی ایک گلی کو قرنطینہ قرار دے دیا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 سو سے تجاوز کر چکی ہے ہے جس میں سے 2 ہلاکتیں خیبر پختونخوا سے رپورٹ کی گئی ہیں، انتقال کرنے والوں میں سے ایک شخص کا تعلق پشاور جب کہ دوسرے کا تعلق مردان سے ہے۔

ایسے میں پشاور میں حفاظتی اقدامات سخت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے کینال ٹاؤن کی ایک گلی کو قرنطینہ قرار دیا ہے کیونکہ جاں بحق ہونے والے شخص نے اس  گلی میں واقع ایک گھر میں قیام کیا تھا۔

ضلعی انتظامیہ نے پولیس کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گلی کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کیا جائے۔

دوسری جانب مردان میں کورونا وائرس کے مریض کے انتقال کے بعد یونین کونسل منگاہ کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے اور  یونین کونسل کے داخلی راستوں پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔

مردان کی ضلعی انتظامیہ کے حکام کے مطابق علاقے سے کسی کو باہر جانے اور باہر سے آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ڈپٹی کمشنر مردان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرنے والےکے اہل خانہ سمیت 25 افراد قرنطینہ مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہ لاک ڈاؤن کب تک جاری رہے گا، اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق کورونا وائرس سےبچاؤ کے لیے شہر میں 3 قرنطینہ مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی کا گارڈن کیمپس اور مین کیمپس سمیت  گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کو قرنطینہ مرکز قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :