20 مارچ ، 2020
چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تمام تر سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے اور کورونا کے خوف سے تمام تر لوگ اپنے گھروں میں ہی محصور ہوگئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے لوگوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے، اپنے گھروں میں رہنے اور ہاتھ دھونے کی تجویز کی گئی ہے۔
اسی ہدایت کے پیشِ نظر متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جب کہ لوگوں نے وائرس سے بچنے کے لیے 'سیلف آئسولیشن' یعنی گھروں میں ہی رہنے اور بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنا بند کردیا ہے۔
اس تمام تر صورتحال میں گلوکاروں نے اپنے مداحوں کی مایوسی ختم کرنے کا حل بھی ڈھونڈ ہی لیا ہے۔
حال ہی میں پاکستانی لیجنڈری گلوکار سجاد علی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں 'آن لائن کنسرٹ' کا عندیہ دیا۔
گلوکار نے اپنے پیغام میں لکھاکہ 'اب آن کائن کنسرٹ ہوں گے، آئیے مل کر موسیقی میں انقلاب شروع کریں'۔
ساتھ ہی سجاد علی نے مداحوں سے ان کی فرمائش بھی پوچھی کہ وہ کیا سننا چاہیں گے۔
دوسری جانب ہالی وڈ کے مقبول ترین گلوکار کرس مارٹن ہی وہ پہلے گوکار ہیں جنہوں نے کورونا وائرس کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے آن لائن کنسرٹ کیا اور اپنے گھر پر بیٹھ کے ہی 30 منٹ تک مداحوں کو اپنے پرفارمنس سے محظوظ کیا۔
کرس مارٹن کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے گلوکار جون لیجنڈ نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ پرفارم کیا۔
خیال رہے کہ چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس نے اب پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس سے اب تک 10 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں جب کہ دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔