کراچی ایکسپو سینٹر میں قرنطینہ سینٹرقائم، اعلیٰ سول و عسکری حکام کا دورہ

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے قرنطینہ سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں  کراچی کے ایکسپو سینٹر کو 10 ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایکسپو سینٹر میں پاک فوج کی جانب سے آئیسولیشن سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے جس میں سندھ حکومت اور آرمی کی ٹیمیں مل کر کام کررہی ہیں۔

آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت کی مکمل معاونت کررہی ہے۔

دوسری جانب اعلیٰ سول و عسکری حکام نے ایکسپو سینٹر میں قائم قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا اور مریضوں کی سہولتوں اور حفظان صحت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ  گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایک ہال سے شروع کرتے ہیں اور بڑھاتے جائیں گے۔

اس موقع پر کور کمانڈر کراچی نے ایکسپو سینٹر میں اسپتال اور آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کے فیصلے میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا تھا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کور کمانڈر کراچی اور سندھ حکومت کی جانب سے  ٹیم بنائی گئی جو یہ کام سر انجام دے رہی ہے۔

وزیر تعلیم سعید غنی حکومت سندھ کی طرف سے کمیٹی کی سربراہ ہیں اور ٹیم میں کمشنر کراچی بھی شامل  ہیں جبکہ کور کمانڈر کراچی کی طرف سے بریگیڈیئر سمیع اور ان کی ٹیم کمیٹی میں شامل ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے جہاں ایک مریض انتقال کرچکا ہے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 238 ہے۔

ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ملک بھر میں تعداد 467 ہے۔

مزید خبریں :