Time 21 مارچ ، 2020
دنیا

اٹلی میں ہولناک دن: کورونا وائرس نے ایک دن میں 700 سے زائد زندگیاں نگل لیں

یورپی ملک 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی ہلاکتیں ایک ہی روز دنیا کے کسی بھی ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے— فوٹو:فائل

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے یورپ میں پنجے گاڑ لیے ہیں اور اٹلی میں مہلک وائرس نے ہزاروں افراد کی جان لے لی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی ملک اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 793 افراد کورونا وائرس سے انتقال کر گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4825 ہوگئی۔

یورپی ملک اٹلی میں 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی ہلاکتیں ایک دن میں دنیا کے کسی بھی ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

رپورٹس کے مطابق اٹلی میں ہونے والی حالیہ ہلاکتوں میں سے 60 فیصد سے زائد شمالی ریجن کے علاقے لامبارڈے میں ہوئی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6557 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 53578 ہوگئی۔

اٹلی میں 42681 افراد ابھی زیر علاج ہیں جبکہ 6 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اسپین

یورپی ملک اسپین میں بھی کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 285 لقمہ اجل ہوچکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1378 ہوگئی ہے۔

یورپی ملک میں آج مزید  3803 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 297642 تک جاپہنچی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی 12 ہزار 831 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :