دنیا
Time 21 مارچ ، 2020

کورونا وائرس: اٹلی میں ایک ہی روز میں 600 سے زائد ہلاک، دنیا بھر میں اموات 11 ہزار سے زائد

اٹلی میں کورونا وائرس نے ایک ہی روز میں 600 سے زائد افراد کی زندگیاں نگل لیں جس کے بعد یورپی ملک میں عالمگیر وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اطالوی حکام کے مطابق جمعے کے روز اٹلی میں 627 افراد ہلاک ہوئے جب کہ اسپین، فرانس اور جرمنی کو ملا کر صرف یورپ میں اموات کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اٹلی میں متاثرہ افراد کی تعداد 47 ہزار 21 ہو گئی ہے اور سوشل میڈیا پر اطالوی فوجی ٹرکوں کی تصاویر بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اٹلی میں قبرستان میں دفنانے کے لیے جگہ ختم ہونے کے بعد لاشوں کو فوجی ٹرکوں میں لاد کر لے جایا جا رہا ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 نئے کیسز اور 7 اموات رپورٹ ہوئیں لیکن مسلسل تیسرے روز ایک بھی کیس وبا کے مرکز ووہان سے رپورٹ نہیں ہوا۔

چین میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 255 اور کیسز 81 ہزار 8 ہو گئے ہیں، لیکن 71 ہزار 740 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

امریکا اور جنوبی کوریا میں 8، 8 جب کہ سنگاپور میں بھی دو نئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ ایران میں اموات کی تعداد ایک ہزار 433 تک پہنچ گئی ہے۔

نیوزی لینڈ میں وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی بار کورونا وائرس مقامی سطح پر پھیل رہا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن نے 70 سال سے زائد عمر کے افراد سے گھروں پر رہنے کی اپیل کی ہے۔

اسپین میں بھی ہلاکتیں ایک ہزار سے زیادہ ہو گئی ہیں جب کہ متحدہ عرب امارات میں بھی دو ہلاکتیں رپورٹ ہو ئی ہیں۔

کورونا وائرس اب تک دنیا کے 185 ممالک تک پھیل چکا ہے اور موذی وبا سے اموات کی تعداد 11 ہزار 404 جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار 123 ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :