22 مارچ ، 2020
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا پر وارننگ کو اہمیت نہیں دی، اگر وہ پیشگی اقدامات کر لیتے تو وائرس کا پھیلاؤ سست کیا جا سکتا تھا۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے جنوری میں خبردار کر دیا تھا کہ کورونا وبا کی شکل اختیار کر سکتا ہے جس کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات کرنا ضروری ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور ارکان کانگریس نے کورونا پر وارننگ کو اہمیت نہیں دی، صدر ٹرمپ پیشگی اقدامات کر لیتے تو وائرس کا پھیلاؤ سست کیا جا سکتا تھا۔
انٹیلی جنس رپورٹ ہونے کے باوجود وقت پر ایکشن نہ لینے پر سابق خاتون اول اور ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنوری میں پتا چل چکا تھا کہ کورونا وبا کی شکل اختیار کر رہا ہے، پھر بھی صدر ٹرمپ نے مارکیٹ میں خوف پھیلنے کے ڈر سے کوئی ایکشن نہیں لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح تیاریوں کے لیے دستیاب کئی ہفتے ضائع کر دیئے جو اب واپس نہیں آ سکتے۔
واضح رہے کہ امریکا میں بھی کووڈ-19 کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 46 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں جس کے مجموعی اموات کی تعداد 348 جب کہ متاثرین کی تعداد 26 ہزار 859 ہو گئی ہے۔