سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کا بھی فوج تعینات کرنے کا مطالبہ

ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکومت سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان نے بھی لاک ڈاؤن کے لیے وفاقی حکومت سے فوج کو تعینات کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش وفاق سے نظر سیکشن 245 کے تحت صوبے میں پاک فوج سے مدد کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ایمرجنسی ہے، ہم سب کو مل کو اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا سے نمٹنے کے لیے5 خصوصی اسپتال بنا رہے ہیں، ایمرجنسی کی صورت میں پنجاب حکومت ایک لاکھ لوگوں کی دیکھ بھال کر سکتی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں کسی قسم کی خوراک کی قلت نہیں ہے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بلوچستان کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

بلوچستان کی بھی فوج تعینات کرنے کی درخواست

حکومت بلوچستان نے بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صوبے میں پاک فوج کی تعیناتی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ سے مدد طلب کی ہے۔

حکومت بلوچستان نے خط کے ذریعے وفاقی وزارت داخلہ کو کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فوج کے دستوں کی تعیناتی کی منظوری دی جائے۔

واضح رہے کہ لاک ڈاؤن کی صورت میں عوام کو بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے یا گاڑی سڑک پر لانے کی اجازت نہیں ہو گی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لے سکیں گے۔

میڈیکل اسٹورز، کریانہ اسٹورز،کھانے پینے کی اشیاء کی دکانیں اور دوا ساز فیکٹریاں کھلی رہیں گی اور ہوٹلز اور ریسٹورنٹس سے کھانے پینے کی اشیا کی گھروں پر ڈیلیوری کی جا سکیں گی۔

مزید خبریں :