دنیا
Time 22 مارچ ، 2020

اسپین میں کورونا وائرس سے مزید 344 افراد ہلاک، لاک ڈاؤن 2 ہفتے بڑھانے کا فیصلہ

اسپین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے،فوٹو:ہسپانوی میڈیا

اسپین میں کورونا وائرس سے مزید 344 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 725 ہوچکی ہے اور حکومت نے لاک ڈاؤن  مزید 2 ہفتے  بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسپین میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اورگذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 344 اموات ہوئی ہیں۔

اسپین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیزکا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں اسپین میں کورونا سے مزید ہلاکتیں ہوسکتی ہیں، شہری احتیاط کریں اور بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔

پیڈرو سانچیز کے مطابق ملک میں لاک ڈاؤن کو مزید 2 ہفتے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسمبلی سے منظوری کے بعد لاک ڈاؤن کا سلسلہ 12 اپریل تک جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ یورپ میں اسپین اٹلی کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے جب کہ دنیا بھر میں متاثرہ افراد اور ہلاکتوں کے حوالے سے اسپین تیسرے نمبر پر ہے۔

اسپین کے معروف فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کے سابق صدر لورینزو سانزبھی کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر لورینزو سانز کی عمر 76 برس تھی اور لورینزو سانز 1995 سے 2000 تک اسپینش فٹ بال کلب ریال میدرڈ کے صدر رہے تھے۔

واضح رہے کہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بھی میڈیرا میں اس وقت قرنطینہ میں ہیں کیونکہ ان کے ایک ٹیم ممبر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

 دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار500 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ کورونا سے متاثرہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

مزید خبریں :