22 مارچ ، 2020
کورونا وائرس کے جان لیوا حملوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر کے ممالک سڑ توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔
چین سے پھیلنے والے کوورنا وائرس سے اب تک 188 ممالک متاثر ہو چکے ہیں جس میں امریکا، کینیڈا، سعودی عرب، ایران، پاکستان، اٹلی، اسپین، جرمنی اور فرانس سمیت کئی یورپی ممالک بھی شامل ہیں۔
دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 227 ہو چکی ہے جس میں سے 95،826 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 64 تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں وائرس کے کیسز میں جہاں کمی آ رہی ہیں وہیں وبا سے یورپی ممالک خصوصاً اٹلی میں بدترین صورتحال دیکھنے کو مل رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران چین میں صرف 6 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کے دنیا کی سب سے بڑی آبادی والے ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 261 ہو گئی ہے جب کہ متاثرین کی کل تعداد 81 ہزار 54 ہے جس میں سے 72 ہزار 440 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔
اٹلی
یورپی ملک اٹلی میں گزشتہ روز 793 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد 4 ہزار 825 ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اٹلی میں سب سے زیادہ اموات شمالی ریجن لامبارڈے میں ہوئی ہیں جہاں اب تک 3 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور اب وہاں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر اٹلی کے وزیراعظم نے پورے ملک میں تمام غیر ضروری سرگرمیوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف سپر مارکیٹس، فارمیسی، پوسٹ آفس اور بینکس کھلیں رہیں گے۔
اسپین
اسپین میں بھی کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 285 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 1378 اور متاثرین کی تعداد 25 ہزار 496 ہو گئی ہے۔
امریکا
امریکا میں بھی کووڈ-19 کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 46 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں جس کے مجموعی اموات کی تعداد 348 جب کہ متاثرین کی تعداد 26 ہزار 859 ہو گئی ہے۔
یہ وائرس امریکا کی تمام ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، حفاظتی اقدامات کے تحت امریکا کی تمام ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس میں کورونا وائرس کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس سے ہونے والی اموات اور کیسز کو چھپا رہی ہے۔
بھارت
پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت میں بھی کورونا وائرس سے اب تک 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی 21 ریاستوں اور وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں 332 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں کئی غیر ملکی بھی شامل ہیں جب کہ اب تک 23 افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آج سے ’جنتا کرفیو‘ کا اعلان کر رکھا ہے۔