کراچی سے مقامی پروازوں پر بھی پابندی عائد

کراچی: کورونا وائرس سے بچاؤکےلیے لاک ڈاؤن کے باعث سندھ کے ائیرپورٹس مقامی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق پابندی کا اطلاق 24 مارچ کی صبح 6 بجے سے ہوگا۔

نوٹم میں بتایا گیا ہےکہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی اور سکھر ائیر پورٹ مقامی پروازوں کے لیے بند رہیں گے، دونوں ائیرپورٹس 24 مارچ کی صبح 6 بجے سے پروازوں کےلیے مکمل بند ہو جائیں گے۔

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے نے کہا ہےکہ ائیرپورٹس کی بندش کے بعد کل صبح 6 بجے سے کراچی اور سکھر سے کوئی بھی پرواز اڑان نہیں بھرے گی جب کہ کراچی اور سکھر  ائیرپورٹ سے علاقائی پروازیں4 اپریل کی رات 8 بجے تک منسوخ رہیں گی۔

واضح رہےکہ سندھ حکومت نے 22 مارچ کی رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کردیا ہے جس کے تحت کسی بھی شہری کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، کسی بھی کام سے نکلنے کی صورت میں شہری کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا جس کا اندراج سیکیورٹی اہلکار کریں گے کہ آیا مذکورہ شہری کتنے دن میں، کتنی مرتبہ اور کس کام سے گھر سے باہر نکلا۔

لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل اسٹورز اور کریانہ کی دکانیں کھلی رہیں گے۔

مزید خبریں :