23 مارچ ، 2020
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ دنیا کی دیگر اقوام کی طرح پاکستانیوں کو بھی کورونا کے وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کےلیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا 23 مارچ ہماری قوم کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، 1940 کا یہ وہ دن تھا جب لاہور کی تاریخی قرارداد پاس کی گئی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کہ آج کے دن ہم قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بھی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہیں، کشمیریوں کو غیر انسانی لاک ڈاؤن کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں پاکستان ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہو گا، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کےلیے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دنیا کو کورونا وائرس کی شدید وبا کا سامنا ہے،آج اقوام عالم مشکل وقت سے گزر رہی ہیں، ہم پاکستانیوں کو بھی اس وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کےلیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ اس بحران میں دفاع کی اولین صف میں شامل ہیں، قوم انہیں بے لوث کوششوں پر سلام پیش کرتی ہے۔