وزیراعلیٰ سندھ کی ریٹائرڈ ملازمین کو جلد پینشن دینے کی ہدایت

فائل فوٹو

کراچی:  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے ریٹائرڈ ملازمین کو جلد پینشن جاری کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مراد علی شاہ نے ریٹائرڈ ملازمین کو 25 مارچ سے پینشن کی ادائیگی کے لیے محکمہ فنانس کو ہدایات جاری کردیں۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام اخراجات کنٹرول کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں تنخواہ و پینشن کے علاوہ تمام ادائیگیاں روکنے کی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے گریجیویٹی، ایکیشمینٹ، اور ایل پی آر وغیرہ کی ادائیگیاں فی الحال روک دیں جس کے بعد محکمہ خزانہ نے اکاؤنٹنٹ جنرل کو خط لکھ دیاہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورنا وائرس کے کیسز کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی ہے، سندھ حکومت نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کردیا ہے اور پنجاب حکومت نے فوج کو طلب کرلیا ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے فوری طور پر ملک کو لاک ڈاؤن کرنے سے ایک بار پھر انکار کردیا ہے۔

سندھ حکومت نے 22 مارچ کی رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کردیا ہے جس کے تحت کسی بھی شہری کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، کسی بھی کام سے نکلنے کی صورت میں شہری کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا جس کا اندراج سیکیورٹی اہلکار کریں گے کہ آیا مذکورہ شہری کتنے دن میں، کتنی مرتبہ اور کس کام سے گھر سے باہر نکلا۔

مزید خبریں :