لاک ڈاؤن کے دوران کوئی ادارہ کسی مزدور کو نکالے گا نہ تنخواہ کاٹے گا

سندھ حکومت نے مزدوروں کی ملازمت اور تنخواہوں کے تحفظ کا حکم نامہ جاری کردیا— فوٹو: فائل

کراچی: لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس سے متاثرہ سندھ کے صنعتی مزدوروں کے لیے حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا۔

سندھ حکومت نے ایک بار پھر دیگر صوبوں سے پہلے کورونا وائرس کی مشکل صورتحال میں عوام کی فلاح کیلئے اہم قدم اٹھایا ہے۔

حکومت سندھ نے مزدوروں کی ملازمت اور تنخواہوں کے تحفظ کا حکم نامہ جاری کردیا جس کے تحت کوئی صنعتی ادارہ لاک ڈاؤن کے دوران نہ کسی مزدور کو نکال سکے گا اور نہ ہی اس کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے وبائی امراض ایکٹ اور دیگر قوانین کے تحت ملازمین کے تحفظ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

حکم نامے کے مطابق ہرصنعتی، تجارتی مزدور کو مکمل تنخواہ دی جائے گی، لاک ڈاؤن کے عرصے کے دوران کسی مزدور کی اجرت سےکٹوتی نہیں کی جاسکےگی۔

علاوہ ازیں حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنے آپ کو قرنطینہ سینٹرز منتقل نہ کرنے پر کارروائی ہوگی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کارروائی کےاختیارات ڈپٹی کمشنرز کو دے دیے، قرنطینہ میں نہ رہنے والے افراد کیخلاف سیکشن 188 کے تحت کارروائی ہوگی۔

مزید خبریں :