کھیل
Time 23 مارچ ، 2020

پی سی بی کا ہائی پرفارمنس سینٹر پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے عارضی قیام گاہ میں تبدیل

 اس مشکل صورتحال میں اپنے فرائض منصبی ادا کرنے والے پیرا میڈیکل اسٹاف ہمارے ہیروز ہیں، پی سی بی ،فوٹو:فائ؛

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  نے کراچی ہائی پرفارمنس سینٹر کو پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے عارضی قیام گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سندھ حکومت کی درخواست پر حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی کو پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے عارضی قیام گاہ بنادیا ہے جہاں ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم عارضی اسپتال میں ذمہ داریاں نبھانے والاعملہ قیام کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اس مشکل صورتحال میں اپنے فرائض منصبی ادا کرنے والے پیرا میڈیکل اسٹاف ہمارے ہیروز ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں شامل تمام افراد اپنی جان خطرے میں ڈال کر کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا شہریوں کی دیکھ بھال کررہے ہیں، پی سی بی ان گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پی سی بی ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے اپنے اسٹیٹ آف دی آرٹ حنیف محمدہائی پرفارمنس سینٹر کراچی کو عارضی قیام گاہ میں بدل رہا ہے تاکہ ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم عارضی اسپتال میں ذمہ داریاں نبھانے والاپیرا میڈیکل اسٹاف مزید جاں فشانی کے ساتھ فرائض انجام دے سکے۔

مزید خبریں :