کورونا وائرس کی آگاہی کیلیے کٹھ پتلیوں کا سہارا

فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز

کووڈ-19 عالمی وبا کے حوالے سے متعدد ادارے آگاہی پھیلانےکے لیے سرگرم ہیں اور اس ضمن میں مختلف طریقہ کار کا سہارا بھی لیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تری پورہ پپٹ تھیٹر گروپ کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق لوگوں تک آگاہی پھیلانے کے لیے روایتی کٹھ پتلی 'پُتل ناچ' کا سہارا لیا گیا جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔

کورونا وائرس سے آگاہی کے لیےتری پورہ پپٹ تھیٹر کے گروپ کی جانب سے ایک ویڈیو بنائی گئی ہے جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہے۔

تھیٹر گروپ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے پپٹ شو کا انعقاد نہیں کیا جا سکا یہی وجہ ہے کہ ہم نے ویڈیو بنا کر اسے آن لائن اپلوڈکرنے کے بارے میں سوچا۔

سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی جانے والی یہ ویڈیو بنگالی زبان میں بنائی گئی ہے اور ساتھ ہی اس ویڈیو میں انگریزی میں سب ٹائٹلز بھی دیے گئے ہیں۔

ویڈیو میں کورونا وائرس کی آگاہی کے لیے کٹھ پتلیوں کو دکھایا گیا ہے جن میں سے ایک کو کھانسی اور نزلا ہوتا ہے تو دوسرا اسے ڈاکٹر سے رجوع کرنے کا کہتا ہے۔

ویڈیو میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بھی بتایا گیا ہے۔

اس سے قبل حال ہی میں ہولی کے تہوار کے موقع پر بھارتی شہر ممبئی میں کورونا کا شیطانی پتلا بنا کر جلایا گیا تھا، اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھارتی خواتین کا گانا 'کورونا بھاگ جا' بھی وائرل ہوا تھا۔

بعد ازاں بھارتی ریاست کیرالا کے ایک شہر کی پولیس نے کورونا کے لیے حفاظتی اقدامات کی آگاہی کے لیے انوکھا انداز اپنایا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس دنیا کے 195 ملکوں تک پھیل چکا ہے جس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 16 ہزار 553 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جب کہ وبا سے متاثر ایک لاکھ سے زائد شفایاب بھی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :