24 مارچ ، 2020
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں 21 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔
بھارتی وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے اور رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن شروع ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن 21 روز تک جاری رہے گا اور یہ جنتا کرفیو سے ایک قدم آگے ہے جس کا مقصد سب کو بچانا ہے۔
مودی کا کہنا تھا کہ اگر ہم 21 دن نہ سنبھلے کو ملک 21 سال پیچھے چلا جائے گا، باہر نکلنے سے بالکل گریز کریں اور 21 دن گھروں سے باہر جانا بھول جائیں۔
بھارتی وزیراعظم نے قوم کو متنبہ کیا کہ کورونا کا مطلب ہے کوئی بھارتی روڈ پر نہ نکلے، گھر سے باہرایک بھی قدم کورونا کو گھرمیں لاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اشیائے ضروریہ کی سپلائی جاری رہے گی جس کے لیے اہم اقدامات اٹھا لیے ہیں۔
خطاب کے دوران بھارتی وزیر اعظم نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 15 ہزار کروڑ روپے کے پیکج کا اعلان بھی کیا۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل بھارت میں 14 گھنٹوں کے لیے جنتا کرفیو نافذ کیا گیا تھا جس کے تحت ملک بھر میں جراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا تھا۔
بھارت میں اب تک کورونا وائرس سے 9 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 519 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہیں اور 40 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔