24 مارچ ، 2020
کراچی: ایوی ایشن ڈویژن کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے اندرونِ ملک تمام پروازیں معطل کردی ہیں جس کے بعد پروازیں 26 مارچ صبح 6 بجے سے 2اپریل صبح 6 بجے تک معطل رہیں گی۔
ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق اس دوران ہرقسم کی چارٹرڈ فلائٹ اور نجی مسافر طیاروں پر بھی پابندی ہوگی البتہ کارگو اور خصوصی پروازوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ کو 8 بجے شب سے 4اپریل تک بین الاقوامی فضائی آپریشن بھی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد حکومت نے سندھ میں 23 مارچ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور سکھر ہوائی اڈے پر ڈومیسٹک پروازیں بھی معطل کردی تھیں تاہم اب ملک بھر میں ڈومیسٹک پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 958 ہوگئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3لاکھ 95 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 17 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔
160 سے زائد ممالک میں پھیلی وبا کی وجہ سے پوری دنیا کو ماسک، کورونا کی تشخیص سے متلعق میڈیکل آلات، کِٹس اور وینٹی لیٹرز کی کمی کا سامنا ہے جب کی مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔