خیبر پختونخوا: سعادت خان کے ساتھ عمرہ کرکے آنے والے کورونا کے 2 مریض صحتیاب

مردان: خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیکل کمپلیکس اسپتال ڈاکٹر جاوید اقبال نے تصدیق کی ہے کہ میڈیکل بورڈ نے معائنے کے بعددونوں کو اسپتال سے فارغ کیا، صحت یاب دونوں مریضوں کا تعلق گاؤں منگاہ سے ہے اور یہ دونوں افراد کورونا سے جاں بحق ہونے والے شخص سعادت خان کے ہمراہ عمرہ کرکے آئے تھے۔

ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق ان دونوں افراد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی، منگاہ میں وائرس کی موجودگی کے پیش نظر ان دونوں افراد کو کہیں اور قیام کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 1119تک جا پہنچی ہے جب کہ 8 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 24 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 2 اسلام آباد اور 2 کا خیبر پختونخوا سے ہے۔

مزید خبریں :