26 مارچ ، 2020
پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جانز کا کہنا ہے کہ امریکاکورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
سوشل میڈیا پرکورونا وائرس سے متعلق اپنے ویڈیو پیغام میں امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا نے کورونا کے خلاف ہنگامی امداد کے لیے پاکستان کوترجیحی ملک میں رکھا ہے، لیب اور کورونا وائرس کی نشاندہی کے لیے پاکستان کو 10 لاکھ ڈالر کے نئے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
پال جانز کاکہنا تھا کہ امریکا نے پاکستانی حکومت کی درخواست پرفوری طور پرکوروناوائرس کے لیے ضروری سامان کی خریداری کا نظام وضع کیا ہے۔
امریکی سفیر کاکہنا تھاکہ امریکا اور پاکستان عالمی سطح پر صحت سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیرینہ شراکت دار ہیں اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) سے 100 سے زائد فارغ التحصیل پاکستانی گلگت بلتستان اور پنجاب میں کوروناکےمعاملات کی تحقیقات کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے قیام کے لیے 18ملین ڈالرفراہم کیےگئے جب کہ خیبرپختونخوا کو 13 جدید ایمبولینسیں بھی فراہم کررہے ہیں۔
پال جونز کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس پاکستان میں پاکستانی شہریوں سمیت امریکی شہریوں کو بھی متاثر کررہا ہے، پاکستان میں مقیم امریکیوں سےگزارش ہے کہ اسمارٹ ٹریولرانرولمنٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی مشن میں ہم انفیکشن سے بچنے کے لیے محتاط اقدامات کر رہے ہیں، ہمارے عملے میں سے کچھ عارضی طور پر اپنے وطن واپس منتقل ہو رہے ہیں جب کہ امریکی سفارتخانےکی خدمات ویب سائٹ کےذریعے ایمرجنسی ویزا اور امریکی شہری معاملات تک ہی محدود ہیں۔